آج اعتماد کا ووٹ،وزیراعظم پراعتماد

Muhammad Dastagir 06 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں گے جس میں انہیں 342 کے ایوان میں کامیابی کے لیے 172 ووٹ درکار ہوں گے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن سوا 12 بجے طلب کیا گیا ہے اور اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے 180 جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے 160 ارکان ہیں  اس لیے 10 اِدھر سے اُدھر ہونے یا نہ ہونے پر عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ برقرار رہنے کا دارومدار ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم پر اعتماد کے حوالے سے قرارداد پیش کریں گے۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے پراسپیکر قومی اسمبلی 5 منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجا کر ارکان کی حاضری یقینی بنائیں گے ، اس کے بعد ایوان کے تمام دروازے بند کردیےجائیں گے تاکہ کوئی رکن باہرجاسکے نہ کوئی باہرسے اندرآئے ۔ اسپیکر وزیراعظم پراعتماد کی قرارداد پڑھنے کے بعد ارکان سےکہیں گے کہ اس کے حق میں ووٹ ڈالنے کےخواہش مند شمارکنندگان کے پاس ووٹ درج کروادیں۔ شمارکنندگان فہرست میں رکن کے نمبرکے سامنے نشان لگاکر اس کانام پکاریں گے، ووٹ درج ہونے کے بعد ارکان ہال کی لابیز میں انتظار کریں گے، تمام ارکان کاووٹ درج ہونےکے بعد اسپیکر رائے دہی مکمل ہونے کااعلان کریں گے۔ سیکرٹری اسمبلی ووٹوں کی گنتی کرکے نتیجہ اسپیکر کے حوالے کر دیں گے اور اسپیکر دوبارہ دو منٹ کے لیے گھنٹیاں بجائیں گے تاکہ لابیزمیں موجود ارکان قومی اسمبلی ہال میں واپس آجائیں اورپھر اسپیکر قومی اسمبلی نتیجے کا اعلان کردیں گے۔ وزیراعظم پر اعتماد کی قراردادمنظوریامسترد ہونے کے بارے میں صدر مملکت کو تحریری طور پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔