الیکشن کمیشن نے جمہوریت کونقصان پہنچایا،عمران خان

Muhammad Dastagir 05 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں الیکشن کمیشن اور اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا۔عمران خان نے کہا کہ قوم سینیٹ الیکشن کو سمجھ جائے تو ملک کے سارے مسائل سمجھ آجائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر ہوتا تو تحریک انصاف کو اتنی ہی سیٹیں ملتیں جتنی ملنی تھیں، اپوزیشن نے اسلام آباد سے سینیٹ کی سیٹ پر پیسہ لگایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، سب سے پہلے تو مجھے یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ کیوں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں جاکر کہا کہ خفیہ بیلٹ ہونا چاہیے، کوئی آئین اجازت دیتا ہے رشوت دینے کی؟ کوئی آئین اجازت دیتا ہے چوری کرنے کی؟ وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پھر جب آپ کو سپریم کورٹ نے موقع دیا اور کہا کہ الیکشن خفیہ کروالیں لیکن بیلٹ کی شناخت کا طریقہ رکھیں، مثال کے طور پر آج اگر ہم جاننا چاہیں کہ ہمارے جو 15، 16 لوگ بکے ہیں وہ کون ہیں تو آپ نے انہیں بھی بچالیا سیکرٹ بیلٹ کرواکے، آپ نے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے، یہ کونسی جمہوریت ہے جہاں پیسے دے کر کوئی سینیٹر بنتا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مزید استفسار کیا کہ ہماری جو نوجوان آبادی ہے ہم ان کیلئے کیا مثال قائم کررہے ہیں؟ سارے ملک کے سامنے پیسے چل رہے ہیں، ویڈیو چل رہی ہے پیسے کی، اس سے پہلے 2018 کے الیکشن میں پیسے لینے کی ویڈیو چلی، کیا آپ کو یہ نہیں پتہ کہ آپ کی ذمہ داری تھی تحقیقات کرنے کی؟ ساری ایجنسیز آپ کے نیچے ہیں، سب کے سامنے یہ تماشا ہوا، جب ایک ملک کی لیڈرشپ رشوت لے گی اور رشوت دے گی تو آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ پٹواری اور تھانیدار ٹھیک ہوجائیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ جب آپ کو سپریم کورٹ نے موقع دیا تو کیا وجہ تھی کہ آپ 1500 بیلٹ پیپرز پر کوئی بارکوڈ نہ لگاسکے؟ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کی جمہوریت کو ڈی کریڈٹ کرنے کا موقع دیا، اس سے کیا ہوا، آج ہماری جمہوریت اوپر گئی یا نیچے گئی؟ آپ نے ملک کی اخلاقیات کو نقصان پہنچایا ہے، آپ کو اندازہ ہی نہیں کہ کتنا پیسہ چلا ہے سینیٹ الیکشن میں، جو کروڑوں روپے خرچ کرکے سینیٹر بنے گا وہ ملک کی خدمت کرے گا؟ وہ یہ پیسہ کہاں سے ریکور کرے گا؟ وزیراعظم نے کہا کہ کبھی قانون بناکر کرپشن ختم نہیں ہوتی، کرپشن ایک معاشرہ ختم کرتا ہے، ایک قوم مل کر کرپشن ختم کرتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پتا چلنا چاہیے کہ ہمارے پندرہ ، سولہ ارکان کون سے ہیں جو بکے ہیں لیکن سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے ان کو بچالیا گیا۔