سینیٹ کے نئے مہمانوں کاچنائو،ووٹنگ شروع،اراکین کی آمد

Muhammad Dastagir 03 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:سینیٹ کی 37 نشستوں پر انتخابی دنگل آج ہورہاہے جس کے لیے چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی میں اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔سینیٹ کے انتخابات کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں پولنگ اسٹیشن میں تبدیل ہوچکی ہیں اور الیکشن کمیشن کےسٹاف نے اسمبلیوں کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔ پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آبادکی 2، خیبر پختونخوا کی 12، سندھ کی 11 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔صوبوں کی نشستوں پر اراکین صوبائی اسمبلی اور اسلام آبادکی 2 نشستوں پر اراکین قومی اسمبلی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹ کاسٹ کریں گے۔ مجموعی طورپر جنرل نشستوں پر 39 امیدوار ،خواتین نشستوں پر 18، ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 13اور اقلیتوں کی نشستوں پر8 امیدوار میدان میں ہیں۔ سینیٹ انتخابات کا سب سے دلچسپ اور بڑا معرکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل نشست پر ہوگا جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ حکومتی اتحاد کے پاس 181 جب کہ اپوزیشن نشستوں پر موجود جماعتوں کے پاس 160 نشستیں ہیں۔ سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی ایک جنرل اورایک خاتون کی نشست پرمقابلہ ہوگا جب کہ ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی پولنگ اسٹیشن بن جائے گی۔ 'الیکشن پرانے طریقہ کار کے مطابق خفیہ بیلٹ سے ہوں گے' الیکشن کمیشن کا کہناہےکہ سینیٹ کے الیکشن موجودہ آئین و قانون کے تحت پرانے طریقہ کار کے مطابق خفیہ بیلٹ سے ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے لیے سپریم کورٹ کی رائے پر مکمل عملدرآمدکرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کا کہنا ہےکہ آئین وقانون کے مطابق سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوتے ہیں اور الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ سینیٹ انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز کو روکے جب کہ وقت کی کمی کے باعث سینیٹ کے 3مارچ کے انتخابات موجودہ آئین و قانون کے تحت پرانے طریقہ کار کے مطابق ہوں گے۔