جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھرمیں بلوچ کلچرڈے بھرپوراندازمیں منایا گیا

Muhammad Dastagir 02 Mar, 2021 عالمی

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں بلوچ کلچر ڈے منایا گیا۔ صوبہ بھر میں ڈویژنل اور صوبائی سطح پر مختلف رنگا رنگ ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منا کر بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ اپنی ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیراہتمام الحمراآرٹس کونسل میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیرثقافت خیال احمدکاسترو مہمان خصوصی تھے جبکہ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا، ڈاکٹر اسلم ڈوگر، ڈی جی پی آر ثمن رائے نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ صوبائی وزیرثقافت نے بلوچ کلچر ڈے پر بلوچستان سے آئے بلوچی بھائیوں کو خوش آمدید کہا۔ بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بلوچی گانا ریلیز کیا گیا۔ اس موقع پر بلوچی تلوار رقص، بلوچی وسیب، لوک گیت، جھومر اور نرسر پر پرفارمنس پیش کی گئی۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانا ایک خوبصورت روایت ہے اور خیرسگالی کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ بلوچ کلچر ڈے منائے جانے کے دوررس نتائج نکلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمدعلی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈیرہ غازی خان میں محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیراہتمام بلوچ کلچر ڈے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ڈی جی خان آرٹس کونسل میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ مہمانان خصوصی کی بلوچ "پگ" پہنا کر دستاربندی کی گئی۔ کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانے سے ملک میں جذبہ حب الوطنی بیدار ہو گا۔ بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ملتان،بہاول پور،راجن پور، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بلوچ کلچر ڈے منایا گیا اور پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام ثقافتی تقریبات منعقد کی گئیں۔ تقریبات میں بلوچستان کی روایتی لوک موسیقی، فوک گانے اور ڈانس بھی پیش کیا گیا۔