بڑامعرکہ حفیظ شیخ بمقابلہ یوسف رضاگیلانی،کسے کتنے ووٹ درکار؟

Muhammad Dastagir 02 Mar, 2021 عالمی

اسلام آباد:سینیٹ کاسب سے بڑامعرکہ اسلام آبادمیں ہوگاجہاں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اوروزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ مدمقابل ہیں۔سینیٹ کا اسلام آباد سے رکن منتخب ہونے کے لیے اس وقت قومی اسمبلی کے 342 ارکان اسمبلی نے ووٹ ڈالنا ہے۔ سرکاری طورپرحکومت کے پاس تمام اتحادیوں کو شامل کرکے 180ووٹ ہیں جبکہ اپوزیشن 160ووٹوں کی حامل ہے۔اپوزیشن کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر بننے کیلئے اپنے مدمقابل پر برتری کیلئے مجموعی طورپر11ووٹ درکار ہیں۔ اپوزیشن کا خیال ہے کہ وہ حکومت میں شامل جی ڈی اے کے تین ارکان قومی اسمبلی ، 2 آزاد ارکان ، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی اور 12کے قریب ان ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کرلے گی جو حکومت میں رہتے ہوئے حکومت سے نالاں ہیں۔بلاول بھٹو اور یوسف رضاگیلانی کی 25فروری کو لاہور میں مریم نواز سے ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن کو 9کے قریب حکومتی ارکان قومی اسمبلی کی فہرست بھی دی گئی۔ یہ وہ حکومتی ارکان ہیں جو آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کی طرف سے ٹکٹ کی یقین دہانی پر سینیٹ میں اپنا ووٹ اپوزیشن کو دینے کیلئے تیار ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کے مدمقابل سندھ سے تعلق رکھنے والے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ہیں۔ شیخ صاحب کا اسٹیبلشمنٹ سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ اسی تعلق کے باعث انہیں موجودہ حکومت میں وزارت خزانہ کی کنجی دی گئی اور وہ سینیٹ کے میدان میں بھی اتارے گئے۔ شیخ صاحب کو انتخابی دنگل میں اتارنے والے پوری سپورٹ فراہم کررہے ہیں اور اپوزیشن کے بعض ارکان سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔