پی ٹی آئی اراکین کیلئے ہوٹل بک،ملاقاتیں،رابطے محدود

Muhammad Dastagir 02 Mar, 2021 عالمی

کراچی کے نجی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام اراکین سندھ اسمبلی کے لیے کمرے بک کرلیے گئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر نے اپنے اراکین اسمبلی کے لیے کمرے بک کرائے ہیں اور تمام اراکین کو ہوٹل پہنچنے کے احکامات دیےگئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ریجن کے صدر خرم شیر زمان سمیت متعدد اراکین اسمبلی ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہےکہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے اراکین کو 2 روز تک ہوٹل میں رہنےکی ہدایت کی ہے، اراکین اسمبلی کو رابطے اور ملاقاتیں محدودکرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کل شام ہمارے 3 ارکان اسمبلی کو اغوا کیا گیا۔ خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ان ارکان کے موبائل بند ہیں اور گھر والوں کو بھی علم نہیں، یقین ہے کہ پیپلز پارٹی ارکان پر دباؤ ڈال رہی ہے، مسلسل سندھ حکومت کی جانب سے اراکین کو ڈرایا اور دھمکایا جارہاہے۔ ادھر اوباڑو سے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہریار شر کہتے ہیں ہمیں کوئی کیوں اغوا کرے گا، اپنے گھر پر ہوں، وزیراعظم کو کئی بار کہا سندھ کیلئے کچھ کریں لیکن انھوں نےنہیں سنا۔