برطانوی کورونا پاکستان پہنچ گیا،حکومت کی تصدیق

Muhammad Dastagir 28 Feb, 2021 عالمی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان 92 ممالک میں شامل ہے جہاں کووڈ 19 کی برطانوی قسم پائی گئی ہے، لہٰذا لوگوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں اور ویکسیشن کے لیے جائیں۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک طرف یہ اعلان سامنے آیا تو دوسری جانب گزشتہ روز سامنے آنے والے اعداد و شماور کے مطابق ملک میں ایک روز میں مزید ایک ہزار 315 مریض اور 33 اموات رپورٹ ہوئیں، جس کے بعد 6.49 فیصد مثبت شرح کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 797 ہوگئی جبکہ اب تک 12 ہزار 837 افراد کا انتقال ہوا۔ وزارت قومی صحت خدمات (این ایچ ایس) کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق نئی قسم دنیا بھر میں دیکھی جارہی ہے اور پاکستان میں اس کے نمونوں کی جانچ جاری ہے، اگرچہ یہ نئی قسم زیادہ سنگین بیماری کا سبب نہیں بنتی لیکن اس کے ثبوت موجود ہیں کہ اس کی منتقلی تیزی سے ہے۔