دبئی میں کورونا پابندیوں میں رمضان تک توسیع

Muhammad Dastagir 27 Feb, 2021 عالمی

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں نافذ کرونا وائرس ایس او پیز میں ماہ رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، توسیع کا فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی میں قدرتی آفات اور بحرانوں کی اعلیٰ انتظامیہ نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) میں رمضان تک توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلیٰ انتظامیہ کا اجلاس شیخ منصور بن محمد بن راشد آل مکتوم کی صدارت میں ہوا تھا، توسیع کا فیصلہ ملک میں کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ اجلاس میں دبئی کے تمام متعلقہ اداروں نے سفارشات پیش کی تھیں کہ حفاظتی اقدامات پر رمضان کے آغاز تک عمل درآمد جاری رکھا جائے، نئے فیصلے کے مطابق رمضان کی آمد تک امارات میں حفاظتی اقدامات برقرار رہیں گے۔ سینما گھروں، تفریحی مراکز، اسپورٹس سینٹر، انڈور اسپورٹس کے حوالے سے تعداد 50 فیصد گنجائش سے کم رہے گی، ہوٹلوں، شاپنگ سینٹرز، سوئمنگ پولز اور ہوٹلوں کے ماتحت ساحلوں کو استعمال کرنے والوں کی تعداد جگہ کی گنجائش سے 70 فیصد سے زیادہ پر پابندی رہے گی۔