دو سال قبل بھارت کوبھرپورجواب دیا:عمران خان،قوم اورفوج کومبارکباد

Muhammad Dastagir 27 Feb, 2021 عالمی

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دو سال قبل آج ہی کے روز ہم نے وقت اور جگہ کا انتخاب کر کے بطور قوم بھارت کو بھرپور جواب دیا۔ 27 فروری 2019 کو پاکستانی فورسز نے بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔ اسی دن کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا ہے۔عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوجی مہم جوئی کے خلاف جوابی کارروائی کے 2 سال پورے ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور قابل فخر اور پرُ اعتماد قوم ہم نے وقت اور مقام کا انتخاب کر کے بھرپور جواب دیا، بھارت کا پکڑا گیا پائلٹ واپس کر کے بھارتی غیر ذمہ دارانہ فوجی اقدام پر ذمہ دارانہ رویہ اپنایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ امن کے لیے کام کرتے ہیں اور تمام مسائل کو ڈائیلاگ سے حل کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔