وزیر اعظم ہائوس میں یونیورسٹی بنے گی، پراجیکٹ جاری ہے،وفاقی وزیرتعلیم

Muhammad Dastagir 26 Feb, 2021 عالمی

رحیم یارخان(نعیم بشیر چوہدری سے)وفاقی وزیر تعلیم اینڈ پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے خواجہ فرید یونیورسٹی میں پراڈکٹ ایکسپو 2021ء کا افتتاح کیا اور فیکلٹی ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ وفاقی وزیر برائے ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں پر انہیں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے وفاقی وزیر کا اپنی ٹیم کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔ وفاقی وزیر کو کلاس رومز‘ لیکچر تھیٹرز‘ لیبارٹریز‘ لائبریریز‘ کھیلوں کی سہولیات‘ تعلیم اور تحقیق کی سہولیات کے متعلق بریف کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے خواجہ فرید یونیورسٹی کی ٹیکنیکل سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پراڈکٹ ایکسپو 2021 کا افتتاح کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں نئے تعمیر ہونے والے فیکلٹی ہاسٹل کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنمنٹ بلڈنگز کو یونیورسٹیز بنانے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہائو س میں یونیورسٹی کا پراجیکٹ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی صورت حال کنٹرول ہوتے ہی یکم فروری کو پورے ملک میں سکول کھول دئیے تھے۔ صرف5 شہر ایسے تھے جہاں سکولوں کو تھوڑے تھوڑے بچے بلا کر پڑھانے کا کہا۔ ہم نے یکم مارچ سے پانچ شہروں کو بھی اجازت دے دی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر بلا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یکساں تعلیمی نصاب نافذ کررہے ہیں‘ سارے پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب ہوگا‘اردو سکولز‘ سرکاری سکولز‘ مدرسہ اور پرائیویٹ سکولز کے بچے ایک ہی نصاب پڑھیں گے۔ اس سال ہم نے نئے تعلیمی سال اگست میں کرنے کا کہا اور سرکاری اداروں میں بھی اگست سے ہی نیا تعلیمی سال شروع ہورہا ہے۔ نئی یونیورسٹیز ضروری ہیں مگر میں پہلے سے موجود یونیورسٹیز کی ڈویلپمنٹ چاہتا ہوں۔ انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر اور ان کی ٹیم کی محنت کوسراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں جدید آئی سی ٹی ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر لیب انفراسٹرکچر سے تدریس و تحقیق میں بہتری آئی ہے۔ آخر میں پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر نے فیوچر ڈویلپمنٹ پلان‘ درپیش چیلنجز اور یونیورسٹی کے موجودہ سٹیٹس کے حوالے سے گفتگو کی اور وفاقی وزیر کی یونیورسٹی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈین آف آل فیکلٹیز پروفیسر ڈاکٹر اصغر ہاشمی‘ ایسوسی ایٹ ڈینز‘ اسسٹنٹ ڈینز اور تمام ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹ بھی موجود تھے۔