کارکردگی کی تشہیر،حکومت نے خزانے کامنہ کھول دیا،50 کروڑمختص

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 عالمی

اسلام آباد:کارکردگی کی تشہیر کیلئےحکومت نے خزانے کامنہ کھول دیا،50 کروڑمختص کردیئے گئے۔وفاقی حکومت نے اڑھائی سال مکمل ہونے کے بعد منظم تشہیری مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔13وزارتوں کے تشہیری فنڈز وزارت اطلاعات کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔سینئرصحافی سہیل اقبال بھٹی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی سفارش پر فنڈز منتقل کرنے کی ہدایت کی تشہیری مہم کے 50کروڑ روپے سے زائد فنڈز وزارت اطلاعات کو منتقل ہونے کا امکان ہے۔رواں مالی سال کے اختتام سے قبل تشہیری فنڈزمکمل طور پر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منظم تشہیری مہم کے ذریعے فلیگ شپ منصوبوں میں حکومتی کارگردگی اجاگر کی جائے۔حکومتی کارکردگی سے متعلق تشہیری مہم چلانے کا یہ بہترین وقت ہے۔