نیاتعلیمی سال کب شروع ہوگا؟،والدین پریشان

Muhammad Dastagir 24 Feb, 2021 عالمی

وفاقی حکومت نے سکولوں کے نئے تعلیمی سال کا آغاز اگست میں کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ پرائیویٹ سکولوں کی اکثریت بضد ہے کہ وہ اپریل میں ہی نئی جماعتوں کا آغاز کر دیں گے۔والدین نئے قومی نصاب کی وجہ سے سال میں دو مرتبہ کتابیں خریدنے اور حکومت اور سکولوں کی انتظامیہ کے الگ الگ اعلانات کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔وزارت تعلیم کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق نیا تعلیمی سال اگست کے پہلے ہفتے سے شروع ہو گا۔ موسم گرما کی چھٹیاں کم کر کے ایک ماہ کر دی گئی ہیں۔ جو دو سے 31 جولائی 2021 تک ہوں گی۔آٹھویں جماعت تک امتحانات 15 مئی سے 15جون کے درمیان ہوں گے۔دوسری جانب اپنے ایک بیان میں وزیر تعلیم شفقت محمود یہ اعلان کر چکے ہیں کہ 2021 کے تعلیمی سیشن میں پہلی سے پانچویں تک کے طلبا یکساں قومی نصاب کے تحت شائع ہونے والی کتابیں ہی پڑھیں گے۔اس حوالے سے وزارت تعلیم نے نجی پبلشرز کو بھی اسی نصاب کے تحت صوبائی ٹیکسٹ بک بورڈ سے این او سی حاصل کرکے کتابیں چھاپنے کی اجازت دے دی ہے۔اس حوالے سے وزارت تعلیم کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ’مشاورت کے بعد نئے تعلیمی سال کا کیلنڈر جاری کیا ہے جس پر عمل در آمد ہوگا۔ جو سکول اس میں رد و بدل چاہتے ہیں انھیں متعلقہ اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔‘