”آج کیس مکمل نہ ہواتوسینیٹ الیکشن مشکل“

Muhammad Dastagir 23 Feb, 2021 عالمی

سپریم کورٹ میں سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے کہا کل (آج بدھ) تک کیس مکمل نہ کیا گیا تو 3 مارچ کو الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات نہیں کرواسکےگا-پیپلز پارٹی کے وکیل سینیٹر رضا ربانی نے دلائل میں کہا کہ آئین ووٹ ڈالنے والے کی شناخت ظاہر کرنے کی اجازت نہیں دیتا، جہاں ووٹوں کی خریدو فروخت ہوگی، قانون اپنا راستہ بنائے گا، کرپشن ووٹنگ سے پہلے ہوتی ہے تو اس کے لیے ووٹ دیکھنے کی ضرورت نہیں۔اس موقع پر  جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ایسا طریقہ بھی بتا دیں کہ ووٹ دیکھا بھی جائےاور سیکریریسی بھی متاثر نہ ہو، اگر معاہدہ ہو کہ آدھی رقم ووٹ ڈالنے کے بعد ملے گی تو پھر کیا ہوگا؟-چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ قانون مکمل طور پر معصوم اور اندھا ہوتا ہے، اس پر بدنیتی سے عمل ہو تو مسائل جنم لیتے ہیں، کیا ایساکوئی نظام نہیں کہ معلوم ہو سکے کس نےکس کو ووٹ دیا؟ رشوت ووٹ سے جڑی ہے تو اس کا جائزہ کیسے نہیں لیا جاسکتا؟ ہر شخص کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کے خلاف ہے، اس ساری مشق کو ضائع نہیں جانے دینا چاہتے۔