چین اوربھارت نے متنازع سرحدسے انخلامکمل کرلیا،مذاکرات پراتفاق

Muhammad Dastagir 22 Feb, 2021 عالمی

چین اور بھارت نے مغربی ہمالیہ میں متنازع سرحد پر پینگونگ جھیل کے علاقے سے فوجیوں کا انخلا مکمل کرلیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں فوجی کمانڈروں نے مکمل انخلا کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے پہلے مرحلے میں فوج، ٹینک اور توپ خانہ نکالنا شروع کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ایک مشترکہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 'دونوں اطراف نے پینگونگ جھیل کے علاقے میں فرنٹ لائن فوجیوں کے انخلا کا جائزہ لیا اور یہ ایک اہم پیش قدمی ہے'۔بیان میں کہا گیا کہ مغربی سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ دیگر امور کے حل کے لیے یہ ایک اچھی بنیاد ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے بات چیت کو جاری رکھنے، صورتحال کو مستحکم کرنے اور صورتحال پر قابو پانے، مستقل اور منظم انداز میں دیگر امور کے حل پر اتفاق کیا۔