ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کو راستہ نہ دینے پر جرمانہ ہوگا،بل منظور

urduwebnews 19 Nov, 2021 عالمی

اسلام آباد(اردو ویب نیوز)دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح اب پاکستان میں بھی انسانی جانیں بچانے والی گاڑیوں یعنی ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو صاف راستہ فراہم کرنے کے لیے ایک نیا قانون منظور ہو گیا ہے جس کے تحت تمام ڈرائیورز پر لازم ہو گا کہ ایسی گاڑیوں کو راستہ فراہم کریں۔ سینیٹر فیصل جاوید خان کی جانب سے پیش کیا گیا بل بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور ہونے والے قوانین میں شامل تھا۔مسودے کے مطابق اسلام آباد میں کسی بھی گاڑی کا ڈرائیور پابند ہو گا کہ وہ وارننگ لائیٹ یا سائرن کی آواز کے ساتھ آنے والی ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی کو صاف راستہ فراہم کرے اور ایسا نہ کرنے والے افراد پر تین ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ قانون میں ایمرجنسی گاڑیوں کے غلط استعمال کے حوالے سے بھی سزا تجویز کی گئی ہے اور جو شخص بھی وارننگ لائٹس یا ایمبولینس کے سائرن کا بلا ضرورت استعمال کرے گا اسے نہ صرف پانچ ہزار روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا بلکہ اسے چھ ماہ تک قید کی سزا بھی مل سکتی ہے۔