اسلام آباد(اردو ویب نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان سے اگلی ڈیل کے لیے پانچ مطالبے پورے کرنے کی شرط عائد کردی جن میں ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی شامل ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد ڈیل ہوجائے گی، آئی ایم ایف نے ڈیل سے پہلے 5 پیشگی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے جن میں ٹیکس چھوٹ کا خاتمہ، اسٹیٹ بینک کی خود مختاری بھی شامل ہیں جب کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ پورا کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس استثنی کا خاتمہ اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے بل تیار کر لیے ہیں، وزارت قانون، قانونی بلز کے مسودے کو حتمی شکل دے رہی ہے، کرنسی ریٹ اور مانیٹری پالیسی اسٹیٹ بینک کا دائرہ کار ہے۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اس سال شرح نمو 5 فیصد سے زیادہ رہے گی، ہم غریبوں کو امداد دیں گے اور انہیں بغیر شرح سود کے قرض فراہم کریں گے، آئندہ 4 سال میں حکومت 1400 ارب روپے کامیاب پاکستان پروگرام پر خرچ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے لیے آئندہ چار سال میں ایک سو 40 ارب روپے کے قرض دیں گے، احساس پروگرام کے لیے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور احساس راشن کے لیے 350 ارب روپے مختص کر رہے ہیں۔