پاکستان میں 2 کروڑ افراد بےروزگار ہوگئے

urduwebnews 18 Oct, 2021 عالمی

اسلام آباد(اردو ویب نیوز)کورونا کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کے اقدامات کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعداد غربت کا شکار ہوگئی۔ اس کی وجہ غیرروایتی معیشت تھی جو مشکل وقت میں غریبوں کا سہارا بنتی ہے مگر کورونا کی وجہ سے یہ معیشت بیشتر شہروں میں بند ہوچکی تھی۔ پاکستان میں2018-19 میں دیہات میں غربت کی شرح 27.6 فیصد اور شہروں میں 10.7 فیصد تھی۔ کورونا کے دنوں میں حکومت نے غریبوں کی مدد کیلیے احساس پروگرام جیسے اقدام بھی اٹھائے مگر برق رفتاری سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث یہ نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے۔پاکستان کے اقتصادی سروے کے مطابق کووڈ 19کی وجہ سے بیروزگار افراد کی تعداد 20.71 ملین تک بڑھ گئی۔ اور اس میں ہنوز کوئی خاطرخواہ کمی نہیں آئی۔ غربت میں کمی کے لیے حکومت کو کثیرالجہتی حمکت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ دیہات اور دور افتادہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی سماجی شمولیت لوکل کمیونٹیز کے ذریعے بڑھائی جاسکتی ہے۔ اس کے ذریعے ان لوگوں کی سماجی ضروریات کی نشاندہی اور رسائی بہتر ہوسکتی ہے۔