نیویارک(اردو ویب نیوز)دنیا میں بھوک و افلاس کی صورتحال کے حوالے سے ’گلوبل ہنگر انڈیکس 2021‘ کی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس کے مطابق انڈیا کا درجہ پاکستان، بنگلہ دیش اور نیپال سے نیچے چلا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 116 ممالک کی فہرست میں انڈیا کا نمبر 94 سے بڑھ کر 101 ہو گیا ہے۔ دنیا میں چین، برازیل اور کویت کے اندر بھوک و افلاس سب سے کم ہے اور ان تینوں ممالک کا درجہ پانچ سے نیچے ہے۔رپورٹ میں انڈیا کے درجے کو تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔ گلوبل ہنگر انڈیکس میں کسی ملک کے سکور کو چار اعشاریوں کے تحت ماپا جاتا ہے جس میں پانچ برس سے کم بچوں کے اندر غذایت کی کمی، بچوں کا قد نہ بڑھنا اور ان کی اموات شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کے ہمسایہ ممالک پاکستان (92)، بنگلہ دیش (76)، میانمار (71) اور نیپال (76) میں بھی صورتحال بہتر نہیں ہے، لیکن انہوں نے انڈیا کے مقابلے میں اپنے شہریوں کو خوراک کے حوالے سے بہتر سہولیات دی ہیں۔ تاہم انڈیا نے پانچ برس سے کم بچوں کی شرح اموات اور غذایت کی کمی پوری کرنے میں بہتری دکھائی ہے۔