اسلام آباد(اردو ویب نیوز)اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) فلیپو گرانڈی نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان سے مہاجرین کی نئی لہر کو قبول کرے اور امکان ظاہر کیا کہ اگر ان پناہ گزینوں کو دستاویزات کی کمی کی وجہ سے واپس بھیجا گیا تو وہ خطرے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ پناہ گزین اقلیتوں میں سے ہو سکتے ہیں یا انہیں دیگر مسائل لاحق ہوسکتے ہیں۔ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلیپو گرانڈی کا کہنا تھا کہ مستقبل خطروں اور غیر یقینیوں سے بھرا ہوا ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ 'ہم آگے بڑھنے اور افغانستان اور خطے کو تباہی سے بچانے کے لیے بین الاقوامی برادری میں طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں'۔