طالبان رہنماؤں میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے،ملا برادر اور ملا خلیل میں تلخ کلامی کی اطلاعات

urduwebnews 15 Sep, 2021 عالمی

کابل(اردو ویب نیوز)افغانستان میں حکومت سازی کے معاملے پر طالبان کے دو سینئر رہنماؤں کے درمیان تلخ کلامی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ طالبان ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کی پشتو سروس کو بتایا کہ طالبان کے شریک بانی اور عبوری نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر اور کابینہ کے ایک رکن کے درمیان صدارتی محل میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ملا برادر کے منظر عام سے غائب ہوجانے کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ تنظیم میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں تاہم ان کی طالبان کی جانب سے تردید کردی گئی تھی۔ تاہم اب ایک طالبان ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ نائب وزیر اعظم ملا برادر اور وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی، جو حقانی نیٹ ورک کے سرکردہ رہنما بھی ہیں، کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جب کہ صدارتی محل میں موجود دونوں رہنماؤں کے پیروکاروں نے بھی ایک دوسرے سے تکرار کی۔