بھارتی (ر) میجر جنرل ہرشا ککڑ نے معروف پاکستانی اداکار شان شاہد اور گلوکار عمیر جسوال کو پاک فوج کے افسران سمجھ کر وادی پنج شیر میں ان کی شہادت کے دعوے کو حقیقت مان لیا۔ بھارت کے میجر جنرل (ر) جی ڈی بخشی کی جانب سے ایک ٹوئٹ کیا گیا جس میں انہوں نے لکھا کہ پنجشیر میں لڑائی کے دوران پاکستان کو بھاری جانی نقصان ہوا۔ پنجشیر میں پاکستان کے سات افسران، 12 جونیئر افسران اور 75 کمانڈوز شہید ہوئے جبکہ دیگر کچھ زخمی بھی ہوئے۔ ڈاکٹر 'نامی فیک اکاؤنٹ نے پاکستانی فلم 'یلغار' کی ایک تصویر شیئر کی جس میں شان شاہد، عمیر جسوال اور بلال اشرف موجود تھے۔ اس اکاؤنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ میجر اعجاز (شان) اور کیپٹن جعفر (عمیر جسوال) میرے کلاس فیلو تھے جو پنجشیر میں شہید ہوگئے۔ انہیں پشاور میں سپردِ خاک کیا گیا، آئی ایس پی آر اِن ہلاکتوں کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ دونوں بہادری سے لڑے۔ دوسری جانب میجر جنرل (ر) ہرشا ککڑ نے بنا تصدیق یہ ٹوئٹ شیئر کر دی اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا۔