افغانستان سے انخلا،جوبائیڈن مشکل میں پھنس گئے،آج اہم اعلان متوقع

urduwebnews 24 Aug, 2021 عالمی

واشنگٹن(اردو ویب نیوز) امریکی صدر پر افغانستان سے انخلا کا عمل مکمل ہونے کی تاریخ میں توسیع کرانے کا شدید دباؤ ہے تاہم طالبان کی جانب سے پہلے ہی 31 اگست کو ریڈ لائن قرار دیئے جانے کے بعد صدر جوبائیڈن ایک نئی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کو افغانستان سے انخلا کے عمل کو 31 اگست تک مکمل کرنا ہے تاہم کابل ایئرپورٹ سے روزانہ کی بنیاد پر پروازوں کے باوجود یہ عمل مکمل نہیں ہو پا رہا ہے اور اب بھی امریکی فوج کی مدد کرنے والے ہزاروں افغان شہری کابل ایئرپورٹ پر جمع ہیں۔انخلا کے عمل میں بد انتظامی اور ممکنہ طور پر ڈیڈ لائن تک مکمل نہ ہو پانے کی وجہ سے امریکی صدر پر ملکی اور غیر ملکی دباؤ ہے۔ برطانیہ سمیت یورپی ممالک نے بھی اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے انخلا کی تاریخ میں توسیع پر زور دیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن آج اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے جو متوقع طور پر انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع ہوسکتا ہے۔