پاکستان میں سکیورٹی صورتحال خراب،چین نے گوادر خودکش حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کردیا

urduwebnews 21 Aug, 2021 عالمی

بیجنگ،اسلام آباد(اردو ویب نیوز)پاکستان میں چینی سفارتخانے نے گوادر میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان میں چینی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'چین دہشت گردی کے اس فعل کی شدید مذمت کرتا ہے، دونوں ممالک کے زخمیوں کے ساتھ مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور پاکستان میں بے گناہ متاثرین سے گہری تعزیت کا اظہار بھی کرتا ہے۔بیان کہا گیا کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے نے فوری طور پر ہنگامی منصوبے کا آغاز کیا اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ زخمیوں کا مناسب علاج کرے، حملے کی مکمل تحقیقات کرے اور قصورواروں کو سخت سے سخت سزائیں دے۔ چینی سفارت خانے نے کہا کہ حالیہ وقتوں میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہوئی ہے، پے درپے کئی دہشت گردی کے حملے ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں کئی چینی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ 'سفارت خانہ، پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو چوکس رہنے، حفاظتی احتیاطی تدابیر کو مضبوط بنانے، غیر ضروری باہر جانے کو کم کرنے اور مؤثر حفاظتی اقدامات کی یاد دہانی کراتا ہے'۔