طبقاتی تقسیم ختم،وزیر اعظم نے پاکستان بھر میں یکساں نصابِ تعلیم کا اجرا کردیا

urduwebnews 16 Aug, 2021 عالمی

اسلام آباد(اردو ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان بھر میں تعلیم کے شعبے میں طبقاتی تقسیم کو ختم کرنے کے لیے یکساں نصابِ تعلیم کا اجرا کردیا۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر تعلیم شفقت محمود اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں'۔ ان کا کہنا تھا کہ '25 سال سے یہ نظریہ تھا کہ پاکستان میں ایک دن ایک ہی نصاب پورے ملک میں پڑھایا جائے، لوگ کہتے تھے کہ یہ ناممکن ہے کیونکہ جنہوں نے اس کے فیصلے کرنے تھے ان کے بچے انگریزی میڈیم اسکول میں پڑھتے تھے اور ان ہی کے لیے ساری نوکریاں تھی'۔انہوں نے کہا کہ سول سروس میں جانے کے لیے بھی انگریزی میڈیم پڑھنا ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے 8ویں، 8ویں اور 10ویں جماعت کے لیے سیرت نبوی پڑھائی جائے گی، اسے 2023 کا ٹائم لائن دیا گیا ہے شفقت محمود سے درخواست کرتا ہوں کہ اسے 5 یا 6 ماہ میں نافذ کریں اتنی دیر کی ضرورت نہیں'۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں کسی کی اتنی کامیابی نہیں جو ہمارے نبی کی ہے، اللہ ہمیں ہماری ہی بہتری کے لیے حکم دیتا ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے سیکھو۔ انہوں نے کہا کہ 'ہماری کوشش یہ ہوسکتی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو راستہ دکھائیں اس لیے چاہتا ہوں کہ یہ جلد از جلد ہو'۔