طالبان کابل میں داخل،شہر میں بھگدڑ،امریکی پروازیں

urduwebnews 15 Aug, 2021 عالمی

کابل(اردو ویب نیوز)طالبان افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مضافات میں داخل ہوگئے جس کے بعد سرکاری ملازمین افراتفری میں حکومتی دفاتر سے فرار ہونے لگے جبکہ امریکی سفارتخانے میں ہیلی کاپٹرز بھی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک عہدیدار نے بتایا کہ طالبان تمام اطراف سے آرہے ہیں البتہ انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ اس سے قبل طالبان نے مزاحمت اور لڑائی کے بغیر افغانستان کےشہر جلال آباد پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد افغان حکومت کا کنٹرول دارالحکومت کابل تک ہی محدود ہوگیا تھا۔خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جلال آباد کے سقوط نے طالبان کو اس سڑک کا کنٹرول بھی دے دیا جو پاکستان کے شہر پشاور کو افغانستان سے ملاتی ہے اور ملک کی اہم ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے۔