مذاکرات جاری،امریکا نے طالبان کو ناقابل یقین پیشکش کردی

urduwebnews 13 Aug, 2021 عالمی

واشنگٹن(اردو ویب نیوز)امریکا نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ اگر وہ ملک کا کنٹرول سنبھال لیتے ہیں تو امریکی سفارتخانے پر حملہ نہ کریں۔ خبر رساں ادارے نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی مذاکرات کار طالبان سے یقین دہانی چاہتے ہیں کہ اگر وہ امداد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کی صورت میں وہ دارالحکومت کابل میں موجود امریکی سفارتخانے کو نشانہ نہ بنائیں۔طالبان کی جانب سے تیزی سے پیش قدمی کو دیکھتے ہوئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی زیر سربراہی امریکا اور طالبان میں مذاکرات جاری ہیں۔ جمعرات کو امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ افغانستان میں امریکی سفارتخانے پر تعینات 1400 فوجیوں کو وطن واپس بھیج رہے ہیں اور اب افغانستان میں محض سفارتی عملہ موجود رہے گا۔ برطانیہ کے بعد اب امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو ملک فوری طور پر چھوڑنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت کے لیے کام نہ کرنے والے افراد فوری طور پر کمرشل فلائٹس کے ذریعے ملک چھوڑ دیں۔ طالبان کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی کے پیش نطر کابل میں تمام سفارتخانے ہائی الرٹ پر ہیں اور کئی ملکوں نے اپنے قونصل خانے بند کردیے ہیں۔