پاکستان مقبوضہ کشمیر کو آزاد کراکے رہے گا:صدر عارف علوی کا بھارت کو پیغام

urduwebnews 05 Aug, 2021 عالمی

اسلام آباد،مظفر آباد(اردو ویب نیوز)کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے آج یوم استحصالِ کشمیرمنایاجارہا ہے۔ یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر صبح 9 بجے ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی گئی اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک منٹ کے لیے ٹریفک روکا گیا۔ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت اور بھارتی اقدام کے خلاف وزیر خارجہ شاہ محمود کی قیادت میں دفتر خارجہ سے ریلی نکالی گئی جو ڈی چوک پہنچی جہاں صدر عارف علوی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ریلی میں شرکت کی۔صدر عارف علوی نے ریلی سے خطاب میں کہا کہ کہا کہ بھارت کو پیغام ہے کہ جب تک کشمیریوں پر مظالم بند نہیں کریں گے ان سے کوئی بات نہیں کی جائے گی، بھارتی حکومت نے آزادی کے اصولوں کو پامال کیا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کو آزاد کراکے رہے گا۔بھارت نے 5 اگست 2019 کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں یعنی (UNION TERRITORIES) میں تقسیم کردیا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔ بھارت نے یہ دونوں بل لوک سبھا سے بھی بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرائے۔