سائنوفارم،سائنو ویک لگوائیں،سعودی عرب جائیں

urduwebnews 04 Aug, 2021 عالمی

ریاض(اردو ویب نیوز)سعودی عرب نے ملک کا سیاحتی ویزا بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن مسافروں کو سائنوفارم اور سائنو ویک کورونا ویکسین کی دو خوراکیں ملی ہیں وہ بھی سعودی منظور شدہ چار ویکسین میں سے کسی ایک کا اضافی بوسٹر شاٹ لگانے کے بعد ملک میں داخل ہو سکتے ہیں۔سعودی عرب کے ای ویزا پورٹل پر بتایا گیا ہے کہ سعودیہ نے 4 ویکسینز کی منظوری دے دی ہے جن میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایسٹرا زینیکا ، فائزر ، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسینز شامل ہیں۔ پورٹل میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزا کے ساتھ سعودیہ آنے والے تمام زائرین کو فی الحال تسلیم شدہ مذکورہ 4 ویکسینز میں سے ایک کے مکمل کورس کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔ سعودیہ آنے والوں کو ایسٹرا زینیکا ، فائزر، یا موڈرنا ویکسین کی دو خوراکوں اور جانسن اور جانسن کی ایک خوراک کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا ۔ ایسے تمام مسافروں کو سعودیہ میں داخلے کے بعد قرنطینہ بھی نہیں کرنا پڑے گا تاہم اس کے لیے انہیں سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ آمد سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل کیے گئے کورونا کے منفی ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔