آئی ایم ایف کا 650 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا اعلان،پاکستان کو2 ارب 80 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان

urduwebnews 03 Aug, 2021 عالمی

نیویارک(اردو ویب نیوز)آئی ایم ایف نے رکن ممالک کے لیے 650 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا اعلان کردیا جو اس کی تاریخ کی سب سے بڑی فنڈنگ ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ ممبر ممالک کو کورونا پر قابو پانے کے لیے فنڈنگ میں اضافہ کیا گیا ہے، فنڈنگ کےذریعے ترقی پذیر اور غریب ممالک کو 275 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے فنڈنگ کی منظوری دے دی ہے اور تمام ممبر ممالک کے لیے فنڈنگ 23 اگست سے دستیاب ہوسکے گی۔ سٹیٹ بینک کے ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان کو اس فیصلے سے 2 ارب 80 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے اور یہ رقم رواں ماہ کے آخر تک ملنے کی توقع ہے