ترکی:21 اضلاع کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی،4افراد ہلاک

urduwebnews 30 Jul, 2021 عالمی

انقرہ(اردو ویب نیوز)ترکی کے ایجیئن اور بحیرہ روم کے ساحل پر موجود 21 اضلاع کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ مختلف حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ ترکی کے جنوبی حصے میں موجود رواں ہفتے بحیرہ روم ریزورٹ ریجن میں جنگلات میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہوئے جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیل گئی۔ترک حکام کے مطابق گرم موسم اور تیز ہوائیں آگ کو پھیلنے میں مدد دے رہی ہیں، جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے میں وقت لگے گا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے لپیٹ میں آنے کے خدشے پر انطالیہ کے 18 گاؤں اور اضلاع خالی کرالیے گئے ہیں جبکہ آدانا اور مرسین میں 16 علاقوں سے لوگوں کا انخلا کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سیاحتی شہر بودرم کے قریب ایک ہوٹل بھی خالی کرایا گیا ہے۔ دوسری جانب 4ہزار سے زائد فائرفائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، اس کے علاوہ آگ بھجانے کے آپریشن میں جہاز اور ہیلی کاپٹرز سمیت دیگر بھی شریک ہیں۔