وزیراعظم آزادکشمیر کیلئے کون کون امیدوار؟، انٹرویو شروع

urduwebnews 30 Jul, 2021 عالمی

اسلام آباد،مظفرآباد(اردو ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کرنے شروع کر دیئے ہیں جس میں ان سے ماحولیات، سیاحت اور قومی و بین الاقوامی معاملات پر حکمت عملی کے بارے میں پوچھا جارہا ہے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تاہم اس حوالے سے غیر یقینی پائی جارہی ہے کہ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم کون ہوگا کیوں کہ خواہشمند امیدواروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ جمعرات کے روز وزیر اعظم نے 5 امیدواروں کا انٹرویو لیا جس میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل ہیں۔ عبدالقیوم نیازی اس سے پہلے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کے خواہشمندوں میں شامل نہیں تھے لیکن ان کا نام اچانک سامنے آیا۔اس کے علاوہ جمعہ کے روز (آج) مزید 3 سے 4 امیدواروں کا انٹرویو لیا جائے گا اور توقع ہے کہ وزیر اعظم 5 اگست سے قبل آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کے نام کا اعلان کر دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مختلف حلقوں کی جانب سے مخصوص امیدواروں کی حمایت کے لیے رابطہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور امیدواروں کو بتایا کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر اپنا فیصلہ خود لیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 'جی وزیر اعظم نے امیدواروں کے انٹرویو کرنے شروع کر دیے ہیں اور اب کوئی بھی اپنے آپ کو پسندیدہ نہیں کہہ سکتا'۔انہوں نے ہی بتایا کہ وزیر اعظم امیدواروں کے تفصیلی انٹرویوز لے رہے ہیں جس میں ان سے ماحولیات، سیاحت، معیشت، سرحدی معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں سوالات کیے جارہے ہیں۔