کراچی میں مکمل لاک ڈائون ہوگا یا نہیں،فیصلہ آج

urduwebnews 30 Jul, 2021 عالمی

کراچی(اردو ویب نیوز)کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کے پیش نظر سندھ کورونا ٹاسک فورس کا اہم اجلاس آج ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں صوبائی وزرا، طبی ماہرین اور پی ایم اے کے نمائندے شریک ہوں گے جب کہ ٹاسک فورس اجلاس میں پہلی بار سندھ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو بھی بلایا گیا ہے، اس کے علاوہ ڈی جی رینجرز سندھ کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہےکہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں سخت فیصلے متوقع ہیں، محکمہ صحت نے ٹاسک فورس کو 2 ہفتے کے لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے جب کہ طبی ماہرین نے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر بھی دو ہفتے کی پابندی لگانے کی تجویز دی۔ اس کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے اور تعلیمی سرگرمیاں بھی دو ہفتے کیلئے بند کرنے کی تجویز ہے۔ واضح رہےکہ این سی او سی نے کراچی میں مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کی ہے۔