ایل اے 16 باغ پر بھی تحریک انصاف کامیاب،نشستوں کی تعداد 26 ہوگئی

urduwebnews 29 Jul, 2021 عالمی

باغ آزادکشمیر(اردو ویب نیوز)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کی نشست پر بھی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کانٹےکےمقابلےکے بعد میدان مارلیا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجے کے مطابق ایل اے 16 باغ 3 کے بقیہ4 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی گنتی کے بعد تحریک انصاف کےسردار میراکبر نے 23،561 ووٹ حاصل کیے ہیں جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سردار قمر زمان23،267ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی گنتی کے بعد تحریک انصاف کےسردارمیراکبر کو294 ووٹوں کی برتری ہوگئی ہے۔خیال رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں 167 میں سے 163پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہوسکی تھی جب کہ ان 4 پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کے سبب پولنگ روک دی گئی تھی جس کی وجہ سے اس حلقے کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا اور آج یہاں دوبارہ پولنگ مکمل کی گئی۔ آج 4 پولنگ اسٹیشنز میں سے تحریک انصاف کےامیدوار سردار میراکبر کو 665 ووٹ ملے جب کہ پیپلزپارٹی کےسردارقمرالزمان 538ووٹ حاصل کرسکے۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے939 ووٹوں میں سے پی ٹی آئی نے396 حاصل کیے جب کہ پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین کے 421 ووٹ حاصل کیے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے جب کہ پیپلزپارٹی 11 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔