سعودی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حکام نے رواں سال ملک سے باہر ایسے مسلمانوں کو بھی عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔ سرکاری العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے ’یکم محرم 1443ھ (10 اگست) سے بیرون سعودی عرب کے معتمرین کے لیے عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ قومی کمیٹی برائے حج وعمرہ کے رکن ھانی علی العمیری نے بتایا ہے کہ عمرے کے خواہشمند افراد دنیا بھر میں قریب چھ ہزار ایجنسیوں اور 30 آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بکنگ کروا سکیں گے۔ ان کے مطابق عمرے کے لیے ویکسین کی شرط لازم ہوگی اور تمام مقامات پر حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی وزارت حج اور عمرہ کے منظور شدہ اور بااعتماد پورٹلز کے ساتھ بی ٹو بی اور بی ٹو سی آن لائن بکنگ، رہائش اور سفری سہولیات کی بکنگ کرائی جا سکے گی۔‘ حج سیزن ختم ہونے کے بعد مکہ شہر کے مقدس مقامات پر عازمین عمرہ پہنچنا شروع ہوچکے ہیں۔ العربیہ کے مطابق ’غیر ملکی متعمرین کے استقبال اور مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی کا شیڈول ترتیب دینے کے لیے 500 عمرہ کمپنیاں معتمرین کے خیر مقدم کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔‘