سپریم جوڈیشل کونسل: چیئرمین نیب کو ہٹانے سے متعلق قانونی وضاحت طلب

urduwebnews 13 Jul, 2021 عالمی

اسلام آباد(اردو ویب نیوز)سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) نے حکومت کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کو ہٹانے سے متعلق کارروائی میں قانونی سقم کا حل پیش کرنے تک 2019 کے ایک ریفرنس پر مزید غور ملتوی کردیا ہے۔ انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے ایڈووکیٹ چوہدری محمد سعید ظفر کی جانب سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کی۔ چیئرمین نیب کے عہدے کی مدت 8 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ مذکورہ ریفرنس چیئرمین نیب کی نیب انکوائری کا سامنا کرنے والی ملزمہ طیبہ گل سے مبینہ خفیہ ملاقات کی لیک ویڈیو کے تناظر میں بھیجا گیا تھا۔