کابینہ کا بھاری پروٹوکول،وزیراعظم کا نوٹس،محدود کرنے کا حکم

urduwebnews 12 Jul, 2021 عالمی

اسلام آباد(اردو ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اراکین اور وی آئی پیز کو دیے گئے غیر معمولی پروٹوکول کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عوام کو تکلیف سے بچنے کے لیے اس پر قدغن لگانے کا حکم دیا۔ انگریزی اخبارڈان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم آفس (پی ایم او) کے ایک ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم خان نے ہدایت کی کہ وزرا اور دیگر وی آئی پیز کے سکیورٹی عملے کو کم کرکے دو اہلکار پر مشتمل کیا جائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کی سیکیورٹی سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر اعظم نے مذکورہ حکم دیا۔اس ضمن میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ وزیر اعظم نے نوٹس کیوں لیا؟ وفاقی وزیر کا خیال تھا کہ وفاقی وزرا کا پروٹوکول اور سیکیورٹی پہلے ہی بہت کم ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم خان وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کی بھاری سیکیورٹی پروٹوکول کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں معلوم ہوا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ایک مرتبہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے سیکیورٹی پروٹوکول پر بھی سوال اٹھائے تھے جب وہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے اور ان کا استقبال کیا گیا۔