جی 20 نے ملٹی نیشنل کمپنیوں پر منصفانہ ٹیکس کے عالمی معاہدے کی حمایت کردی

urduwebnews 11 Jul, 2021 عالمی

وینس: جی 20 کے وزرائے خزانہ نے ملٹی نیشنل (کثیر الاقوامی) کمپنیوں پر زیادہ منصفانہ طریقے سے ٹیکس عائد کرنے کے حوالے سے ‘تاریخی’ عالمی معاہدے کی حمایت کردی اور دیگر ممالک سے بھی معاہدے پر دستخط کرنے کی اپیل کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ 131 ممالک نے کم از کم 15 فیصد کارپوریٹ ٹیکس سمیت بین الاقوامی ٹیکس اصلاحات پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم دنیا کی 19 بڑی معیشت رکھنے والے ممالک اور یورپی یونین کی طرف سے اس کی توثیق سے سالوں کے مذاکرات کے بعد اسے حقیقت میں تبدیل کرنے کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ جی 20 کے حتمی بیان میں کہا گیا کہ 'کئی برس کی بات جیت اور گزشتہ برس ہونے والی پیشرفت کے بعد ہم بین الاقوامی ٹیکس ڈھانچے کو مزید مستحکم اور منصفانہ بنانے کے لیے تاریخی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔