کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ،وزیراعظم کی ماسک پہننے کی اپیل

urduwebnews 08 Jul, 2021 عالمی

اسلام آباد(اردو ویب نیوز)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں خطرہ ہے کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر آنے والی ہے لہٰذا کیسز میں اضافے کے پیش نظر میں پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ماسک پہنیں تاکہ ہم اس وائرس کی چوتھی لہر سے ملک کو بچا سکیں گے۔ ملک میں کورونا کی صوررتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ وائرس کی بھارتی قسم بنی ہوئی ہے، یہ وہ وائرس ہے جو بھارت سے مختلف شکل اختیار کر کے دنیا بھر میں پھیل رہاہے، اس وقت بنگلہ دیش میں اس وائرس کی وجہ سے بہت برے حالات ہیں جبکہ ہندوستان میں ہم سب کو معلوم ہے کہ اس نے کتنی تباہی مچائی ہے.ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی یہ طرز اب افغانستان پہنچ گئی ہے،افغانستان کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی ہو گئی ہے اورایک موقع پر ہندوستان کو بھی یہی صورتحال درپیش تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ وبا انڈونیشیا پہنچ گئی ہے اور وہاں بھی صورتحال خراب ہے اور آکسیجن کی کمی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے جبکہ روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اس وائرس سے مررہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اب تک اللہ نے ہم پر خاص کرم کیا ہے، انسان جتنی مرضی کوشش کرے، آخر میں اوپر والا کوشش کرتا ہے کہ آپ کی وہ کوشش کامیاب ہو گی یا نہیں، اللہ نے ہمیں اب تک بہت کامیابی دی ہے۔ انہوں نے کاہ کہ اکانومسٹ کی سروے کے مطابق پاکستان تیسرے نمبر پر وہ ملک ہے جس نے سب سے بہتر طریقے سے اپنے ملک کو بچایا ہے اور اس میں ہماری محنت کے ساتھ ساتھ قوم کا بھی بہت بڑا ہاتھ ہے کہ ہم اتنے برے حالات سے بچ گئے۔