نائیجیریامیں مسلح افراد نے 140 طلبہ کو اغوا کرلیا

urduwebnews 05 Jul, 2021 عالمی

ابوجا(اردو ویب نیوز)نائیجیریا کے شمال مغربی علاقے میں مسلح افراد نے 140 طلبہ کو اغوا کرلیا، جو اسکول کے بچوں کے اغوا کا تازہ واقعہ ہے۔ خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کی اور کڈونا میں بیتھل باپٹسٹ ہائی اسکول پر دھاوا بول دیا اور سیکیورٹی گارڈز پر قابو پالیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے اسکول میں موجود 165 میں سے اکثر بچوں کو اغوا کرلیا-اسکول کے ایک استاد ایمانوئیل پاول کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے 140 بچوں کو اغوا کرلیا جبکہ صرف 25 طلبہ بچ گئے اور ہمیں تاحال کچھ معلوم نہیں ہے کہ بچے کہاں ہیں۔ ریاست کڈونا کی پولیس کے ترجمان محمد جلیگ نے اسکول پر حملے کی تصدیق کی لیکن مغوی بچوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکٹیکل پولیس ملزمان کے تعاقب میں ہیں اور ہم ریسکیو مشن پر ہیں اور اب تک ایک خاتون استاد شمیت 26 افراد کو بازیاب کروایا گیا ہے۔