پاکستانیوں کے لئے بہت بڑی خوشخبری

ilyas shakoori 31 May, 2021 عالمی

اسلام آباد: ایک دہائی طویل معطلی کے بعد کویت نے پاکستانی خاندانوں اور تاجروں کو دوبارہ ویزا دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق کویت کی حکومت نے یہ فیصلہ کویتی وزیر اعظم شیخ صباح الخالد الصباح اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان کویت سٹی میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔ اقات کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کویت میڈیکل اور تیل کے شعبوں میں پاکستانی کارکنوں کے لیے تکنیکی ویزے جاری کرے گا۔ سرکاری دورے پر موجود وزیر داخلہ نے وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ اپنے کویتی ہم منصب کے سپرد بھی کیا۔ اس اجلاس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کویت نے پاکستانیوں کے لیے فیملی اور کاروباری ویزوں کی فوری بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ معاہدے کے مطابق پاکستانی کارکن کویت کا ویزا بھی حاصل کریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں کویت کے وزیر داخلہ تھامر علی صباح السلیم الصباح اور کویت میں پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر نے بھی شرکت کی جہاں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیال رہے کہ کویت نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر 2011 میں پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزا جاری کرنا بند کردیا تھا۔