اسرائیلی بربریت،سعودی عرب نے عالمی برادری سے بڑامطالبہ کردیا

urduwebnews 11 May, 2021 عالمی

ریاض:سعودی عرب نے مسجد الاقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے جبکہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے بیت المقدس اور غزہ میں کیے گئے حملوں پر عالمی حلقوں کی جانب سے بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق مسجد اقصیٰ اسلام کے مذہبی مقامات میں سے ایک ہے اور یہاں اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کی وجہ سے مسلم دنیا میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ 'سعودی وزارت خارجہ قابض افواج کی جانب سے عبادت گزاروں کے تحفظ اور سکیورٹی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے'۔ سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ صورتحال کشیدہ ہونے پر اسرائیل کا احتساب کرے اور بین الاقوامی معاہدوں اور سمجھوتوں کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی اشتعال انگیزی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔