بہاول پورکے عوام کیلئے خوشخبری،جلدسیکرٹریٹ کاافتتاح

urduwebnews 07 May, 2021 عالمی

لاہور،بہاول پور(اردوویب نیوز،سکندراعظم سے)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی وعدہ کیا وہ نبھایا۔ ملتان کے بعد اب جلد ہی بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ بہاولپور کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کر لیا ہے اور بہت جلد بہاولپور کا دورہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا۔ماضی میں جنوبی پنجاب کے وسائل کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا۔آئندہ کوئی بھی جنوبی پنجاب کے وسائل پر ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ پنجاب میں گورننس کا ماڈل بدل دیا ہے۔ سابق دور کی طرح ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا۔ سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں شکست خوردہ عناصر پہلے دن سے ہی سازشیں کر رہے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اورہماری عوامی خدمت کی سیاست کے سامنے ہر سازش ناکام ہوئی۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ پراپیگنڈہ کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعوؤں سے نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ہو گیاہے۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار عوامی ضروریات کو مد نظر رکھ کر ترقیاتی منصوبے ترتیب دئیے گئے ہیں اور ان منصوبوں میں منتخب نمائندوں سے مشاورت کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی رانا قاسم نون،میاں شفیق آرائیں،طاہر اقبال،فاروق اعظم، عبدالغفار وٹواوررکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چوہدری شامل تھے۔