سینیٹ الیکشن،چیف الیکشن کمشنروارکان کل سپریم کورٹ طلب

Muhammad Dastagir 15 Feb, 2021 عالمی

اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے تمام ارکان کو کل عدالت میں طلب کر لیا ہے۔سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے کی۔اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ کچھ سیاسی جماعتوں اور بار کونسلز نے کیس میں فریق بننے کی درخواستیں دیں، افسوسناک بات ہے ہماری بار کونسلز سیاسی جماعتوں کا ساتھ دے رہی ہیں، پاکستان بار کونسل اور سندھ ہائیکورٹ بار نے ریفرنس کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا۔خالد جاوید خان نے کہا کہ پاکستان بار کونسل، سندھ ہائیکورٹ بار نے ریفرنس پر رائے دینے کے خلاف بات نہیں کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بار کونسلز نے اپنی درخواستوں میں آئین کے مطابق فیصلے کا لکھا ہے، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ تشویشناک بات ہے کہ سیاسی جماعتیں اور بار کونسلز اوپن بیلٹ کی مخالفت کر رہی ہیں۔