اسلام آباد:انڈیامیں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے بعد پاکستان نے بھارت کو سرکاری سطح پرمدد کی پیشکش کردی۔ دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کو وینٹی لیٹرز، ڈیجیٹل ایکسرے مشینیں دینے کی پیشکش کی ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کو مدد کی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے طور پر کی گئی۔نجی ٹی وی جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پاکستان نے خیرسگالی کی بنیاد پربھارت کومدد کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت سے بڑی تشویش ناک خبریں سامنے آرہی تھیں، وزیراعظم کی اجازت کے بعد بھارت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پرمدد کی پیشکش کی گئی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ دفترخارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر کو بلایا گیا، بھارتی ہائی کمشنرکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد کی پیشکش کی گئی اور ان کو کہا کہ اپنی حکومت سے پوچھ کرہماری پیشکش پرجواب دیں۔ ان کا کہنا تھاکہ وینٹی لیٹرز، ایکسرے مشین اور ماسک سمیت جوہوپایا وہ بھارت کوفراہم کریں گے، اگربھارت کامثبت جواب آیا توبراستہ واہگہ معاونت فراہم کی جائے گی۔ خیال رہے کہ بھارت کورونا کے باعث بدترین صورتحال سے دوچار ہے اور کورونا کیسز میں اضافے کے بعد آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں تین لاکھ 44 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 2600 کی سانس کی ڈور ٹوٹ گئی ہے۔