طالبان کی عدم شرکت پر افغان امن کانفرنس ملتوی کردی گئی

Muhammad Dastagir 21 Apr, 2021 عالمی

کابل: طالبان کی عدم شرکت کی وجہ سے ترکی میں واشنگٹن کی حمایت سے ہونے والی افغان امن کانفرنس ملتوی کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق یہ اجلاس 24 اپریل کو طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاہدے کو تیز تر کرنے کے لیے واشنگٹن کے اس اعلان کی روشنی میں ہونا تھا کہ 11 ستمبر کو افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کا انخلا ہوجائے گا۔ افغان حکومت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ استنبول کا اجلاس مقررہ تاریخ پر نہیں ہورہا ہے کیونکہ طالبان نے شرکت سے انکار کردیا ہے۔التوا کی تصدیق دو دیگر ذرائع سے ہوئی جس میں ایک ایسے حکام بھی شامل ہیں جن کا ملک اس منصوبہ بندی کے عمل میں شامل تھا۔فوری طور پر اس حوالے سے ترمیم شدہ تاریخ سامنے نہیں آئی ہے اور افغان حکومت کے ترجمان نے اس معاملے پر رائے دینے سے انکار کیا ہے۔ ان مذاکرات کے میزبانوں میں شامل ترکی کے وزیر خارجہ میولوت کاووسوگلو نے کہا کہ رمضان کے بعد تک اجلاس کو روکا گیا ہے تاہم کانفرنس میں شرکت ابھی غیر واضح ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے التوا کی تصدیق نہیں کی تاہم کہا کہ وسیع تر سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔