روس نے یوکرین سرحدپرڈیڑھ لاکھ فوجی تعینات کردیئے:یورپی یونین

Muhammad Dastagir 20 Apr, 2021 عالمی

برسلز: یورپی یونین نے کہا ہے کہ یوکرین کی سرحدوں پر ڈیڑھ لاکھ روسی فوجی پہلے ہی تعینات کردیئے گئے ہیں اور معمولی سی چنگاری کسی بڑے محاذ آرائی کو جنم دے سکتی ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ روسی حزب اختلاف کے رہنما الیکسی ناوالنی کی حالت تشویشناک ہے اور یہ 27 رکنی گروپ کریملن کو ان کی صحت اور حفاظت کے لیے جوابدہ ٹھہرائے گا۔تشویشناک پیشرفت کے باوجود جوزف بوریل نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے ورچوئل اجلاس کے بعد کہا کہ وقتی طور پر روس پر مزید پابندیوں کا کوئی اقدام نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت زیادہ خطرناک روسی فوجیوں کی موجودگی ہے جہاں فوجی فیلڈ ہسپتال اور دیگر جنگی سامان شامل ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ نے کہا کہ یہ یوکرین کی سرحدوں پر روسی فوج کی اب تک کی سب سے بڑی تعیناتی ہے۔