توہین آمیز خاکے،حکومت کاکل متفقہ قرارداد لانے کا فیصلہ

Muhammad Dastagir 18 Apr, 2021 عالمی

اسلام آباد: توہین آمیز خاکوں کے خلاف متفقہ قرار داد کل قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق حکومت نے مغربی ممالک میں جاری توہین آمیز خاکوں کے خلاف متفقہ قرارداد قومی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ کیا ہے، قرارداد حکومت اور اپوزیشن کے تمام ارکان کے دستخطوں کے ساتھ کل قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اسپیکر آفس کے ذریعے اپوزیشن چیمبر سے رابطہ کیا گیا ہے، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں معاملے پر غور اور حتمی مسودہ مرتب کیا جائے گا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں تمام پارلیمانی لیڈرز کے دستخطوں سے مسودہ تیار کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کو آگاہ کیا جائے گا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس کل دوپہر ایک بجے بلایا گیا ہے، اجلاس کے فوری بعد 2 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگا، قرارداد کی منظوری کے بعد ارکان کو اظہار خیال کے لیے مختصر وقت بھی دیا جائے گا۔