شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں صرف 30 افرادکوشرکت کی اجازت

Muhammad Dastagir 12 Apr, 2021 عالمی

لندن:برطانوی شاہی محل نے 9 اپریل کو دنیا سے رخصت ہونے والے ملکہ برطانیہ کے شوہر شہزادہ فلپ کی آخری رسومات اور تدفین کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی تدفین 17 اپریل کو ہوگی۔ شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے پہلی بار کسی شاہی فرد کی آخری رسومات کو محدود کیا جا رہا ہے اور لوگوں سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ بھی پابندیوں پر عمل کریں گے۔ شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں مکمل تفصیل بیان کی گئی کہ کس طرح شہزادہ فلپ کے جنازے کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔بیان میں واضح کیا گیا کہ آخری رسومات اور تدفین کے موقع پر صرف شاہی خاندان کے انتہائی قریبی افراد ہی شرکت کریں گے جب کہ تقریبات میں شاہی محل کے اعلیٰ عہدیدار بھی حاضر رہیں گے۔اسی حوالے سے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہزادہ فلپ کی آخری رسومات 17 اپریل کو سہ پہر تین بجے ادا کی جائیں گی اور ان کی تدفین سے قبل ان کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 17 اپریل تک برطانیہ میں شہزادہ فلپ کی موت کا ایک ہفتے کا سوگ منایا جائے گا اور اس دوران اہم سرکاری عمارتوں اور شاہی محل کی ملکیت میں آنے والی عمارتوں میں برطانوی پرچم نصف اوچائی تک رکھے جائیں گے۔ شہزادہ فلس کی آخری رسومات کو ٹی وی پر براہ راست دکھایا جائے گا اور انہیں تدفین سے قبل گارڈ آف آنر سمیت دیگر شاہی سلامیاں بھی دی جائیں گی۔شہزادہ فلپ کی لاش اس وقت ونڈسر محل کے سرد خانے میں ذاتی تابوت میں رکھی ہوئی ہے، تاہم تدفین سے قبل ان کی لاش کو دوسرے تابوت میں منتقل کرکے آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ شہزادہ فلپ کی تدفین کے وقت ان کی تابوت میں تمام شاہی اعزازات کے نشان، تلوار اور یہاں تک کہ ان کے پیدائشی شاہی یونانی اعزازات کو بھی ان کی تابوت کے اوپر سجایا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق شہزادہ فلپ کی لاش کو پونے تین بجے تدفین کے لیے اٹھایا جائے گا اور ان کی تابوت کو آخری رسومات کے لیے لے جاتے وقت ان کے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس اور دیگر شاہی افراد تابوت کے پیچھے ہوں گے۔ملکہ برطانیہ بھی شہزادہ فلپ کی جائے تدفین پر الگ سے پہنچیں گی اور ان کی تدفین بھی ونڈسر محل میں تین بجے کے بعد کی جائے گی۔ تدفین سے قبل شہزادہ فلپ کو 8 منٹ تک گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور انہیں دوسری شاہی سلامیاں بھی دی جائیں گی۔