تحریک لبیک کے امیرسعدرضوی گرفتار،ملک بھرمیں احتجاج،دھرنے

Muhammad Dastagir 12 Apr, 2021 عالمی

لاہور:تحریک لبیک کے امیر سعد حسین رضوی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں گرفتار کر لیا۔ سعد رضوی کو ان کی رہائش گاہ کے قریب ہی تحریک لبیک کے رہنما کی نماز جنازہ کے موقع پر گرفتار کیا گیا اور تحریک لبیک کے رہنما خالد اعوان نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔سعد رضوی جیسے ہی نماز جنازہ پڑھا کر فارغ ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔یاد رہے کہ تحریک لبیک نے حکومت کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے لیے 20 اپریل تک کا وقت دیا تھا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ملک گیر مظاہروں اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک کی جانب سے ممکنہ مظاہروں کو مدنظر رکھتے ہوئے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سعید رضوی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تحریک لبیک کے رہنما نے کہا کہ کہ حکومت 20 اپریل کو فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے وعدے سے مکر گئی ہے اور سعد رضوی کو گرفتار کر لیا ہے۔ خالد اعوان نے کہا کہ سعد رضوی کی گرفتاری کے باوجود وہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک پولیس نے وضاحت نہیں کی کہ سعد رضوی کو کس جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔دوسری جانب تحریک لبیک کے سربراہ سعدرضوی کی گرفتاری کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اوردھرنے جاری ہیں۔ لاہور میں ملتان روڈ پر چوہنگ سمیت دیگر مقامات پر احتجاج کے باعث ٹریفک بلاک ہوگیا جبکہ چوک یتیم خانہ میں مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی۔ لاہور میں سگیاں پُل، شاہدرہ اور فیروز پور روڈ پر شنگھائی پُل کے قریب بھی ٹریفک بلاک ہوگیا ہے۔ ملتان میں بہاولپوربائی پاس چوک پراحتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ احتجاج کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں اورنگی ٹاؤن نمبر4 اور بلدیہ نمبر4 ، حب ریور روڈ ، لیاقت آباد ، کورنگی میں بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت ملحقہ سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے اور ٹاور سےگورنر ہاؤس تک گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی ہے۔ اسٹار گیٹ کے مقام پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے جبکہ احتجاج اور مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام کے باعث دفاتر سے گھروں کو جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارہ کہو میں احتجاج جاری ہے جس کے باعث اٹھال چوک بند کردیا گیا ہے جبکہ اٹھال چوک بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کےداخلی راستے بھی بلاک ہوگئے ہیں جس سے لوگوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ آزاد کشمیر اور مری جانےوالے راستوں پر بھی ٹریفک جام ہوگیا۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ چوک پر بھی احتجاج جاری ہے جس کے بعد اطراف میں ٹریفک بلاک ہوگیا جبکہ لیاقت باغ چوک پرمشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ بھی کیا۔ اُدھر ملک کے مختلف شہروں میں بھی دھرنے اور احتجاج جاری ہے جس کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔