کورونا:ملک میں مسلسل چھٹے روز 100 سے زائد ہلاکتیں

Muhammad Dastagir 11 Apr, 2021 عالمی

اسلام آباد:ملک میں کورونا کے وار جاری ہیں ملک میں مسلسل چھٹے روز 100 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46066 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5050 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 114 ہلاکتیں ہوئیں جو رواں برس ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.96 فیصد رہی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15443 ہو گئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 21 ہزار 18 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 73875 ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4139 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 631700 ہو گئی ہے۔